اسلام آباد کے عوامی مرکزمیں لگی آگ پرقابوپالیا گیا، دو جاں بحق

اسلام آباد ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع عوامی مرکزمیں لگنے والی آگ پر ڈھائی گھنٹے کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا ہے تاہم عمارت پررات کی ڈیوٹی کرنے والے دو ملازمین علی رضا اورعمر جو آگ لگنے کے بعد عمارت سے کودنے کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئے تھے ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون میں شاہراہ دستورپر واقع عوامی مرکز سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک وفاقی ٹیکس محتسب کے دفتر میں صبح ساڑھے سات بجےشارٹ سرکٹ کے باعث ایئرکنڈیشن پلانٹ میں آگ لگی جس نے دیکھتے دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا ،آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دس گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں جہاں ڈھائی گھنٹے کے مسلسل ریسکیو آپریشن ک باعث عمارت میں لگی آگ پرقابوپالیا گیا۔

آگ لگنے کے باعث عمارت کے چار فلور متاثر ہوئے ہیں۔ دھویں کے انخلا کے لیے مختلف فلورز کے شیشے توڑے گئے جبکہ آتشزدگی سے وفاقی محتسب کا دفتر جل کر راکھ ہو گیا ہے۔ اہم دستاویزات بھی نذر آتش ہوگئیں۔ سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اداروں کے کئی دیگر دفاتر بھی لپیٹ میں آگئے۔

عمارت کے چوتھے فلور پر رات کی ڈیوٹی کرنے والے دو ملازمین علی رضا اورعمرنے چھلانگ لگا کر جان بچانے کی کوشش کی جن کو امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں۔ جبکہ اسی فلور پر ایک بیہوش شخص کو بھی امدادی ٹیموں نے بازیاب کرکے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔عمارت میں موجود باقی تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز پولیس سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے حکام بھی موقع پرپہنچ گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی سے عمارت کی پہلی اور دوسری منزل زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ شیشے توڑکرگاڑیوں کوپیچھے کیا گیا جس کے بعد امدای کارروائی کے لیے کمر ے کے شیشے توڑ کراندر آئے اورآگ پر قابو پایا گیا ہے۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں