بہاول پور میں 400کسان خواتین میں‌لائیو سٹاک کے جدید آلات کی مفت تقسیم

بہاول پور(ویب ڈیسک) یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام منصوبہ برائے جدت زراعت پاکستان، محکمہ لائیو سٹاک پنجاب اور خواتین ویلفیئر کونسل کے باہمی اشتراک سے ضلع بہاول پور کے موضع ڈتہ بلوچ میں غریب خواتین کو لائیو سٹاک سے متعلق جدید آلات کی فراہمی کے لیے تقریب کا انعقاد ہوا ۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ڈائریکٹر لائیو سٹاک بہاول پور ڈاکٹر رب نواز کوثر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مویشی پالنا پیغمبرانہ پیشہ ہے جسے اپنا کر خواتین نہ صرف معاشی طور پر خود کفیل ہوسکتی ہیں بلکہ ملک میں گوشت اور دودھ کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔پاکستان میں خواتین کو معاشی عمل میں شریک کر کے ملکی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔

ماہر معاشیات ذیشان مصطفی نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد خواتین میں ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے محفوظ اور صاف دودھ کی بہتر پیداوار کو یقینی بناتے ہوئے موسمی اثرات اور ضروریات کے مطابق دودھ دینے والے جانوروں تک مناسب خوراک ، پانی اور دیکھ بھال کی افادیت و اہمیت کے بارے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔

تقریب میں مویشی پال خواتین میں لائیو سٹاک سے متعلق شعور و آگاہی کے لیے لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔ مہمانان خصوصی نے 400غریب خواتین میں لائیو سٹاک سے متعلق حفظان صحت کے جدید تقاضوں کے مطابق جدید آلات مفت تقسیم کیے۔ تقریب میں ڈپٹی ڈئریکٹر ڈاکٹر فدا حسین، پروفیسر ایم این ایم ابراہیم، آفتاب قاضی، محمد شکیل اشرف، علی عباس، عزیز بی بی، ریاض بھٹی اور قاسم سولنگی کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں