یوم دفاع کے موقع پر بہاول پور میں تقریبات کا اہتمام

بہاول پور (ڈسٹرکٹ رپورٹر)یوم دفاع کے موقع پر پی ایس اے، الرحمٰن رورل ڈولپمنٹ آرگنائزیشن، تحریک بحالی صوبہ بہاول پور،سوسائٹی فار ہیومن رائٹس، آس ویلفیئر سوسائٹی اور ایل ایس او کے زیر اہتمام تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں قیامِ امن اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک آرمی کی خدمات کو سراہتے ہوئے شہدائے ستمبر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔اس موقع پر چوہدری جاوید اقبال، مبین الحق قریشی، پروفیسر مدحت کامل ،سردار خادم حسین مخفی، فرخندہ شیخ، مسز آسیہ کامل، فیاض گوگی، بلال ترک، ملک طارق ارائیں،میاں عمر امجد،طاہر فیض، بلال ڈھڈی،ماسٹر مراد ناصر،وسیم عباس ارائیں،طلعت محمود، ناصر چوہدری و دیگر نے شہدائے ستمبر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کبھی زوال کا شکار نہیں ہوتی جو اپنے ملک کی حفاظت کے لیے ہر طرح کی قربانی دے سکتی ہے ۔ستمبر کا مہینہ ہمیں عظیم الشان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جس میں پاک فوج کے نوجوانوں نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کو قوتِ ایمانی کے بل بوتے پر ناکوں چنے چبوا دیے۔موجودہ ملکی صورتِ حال کے پیشِ نظر عوام میں اسی جذبہ حب الوطنی کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف پاک آرمی اور دیگر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہے کہ جلد ہی ملک سے دہشت گردی کا صفایا کر دیا جائے گا۔انہوں نے پاک آرمی اور سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دشمنوں کے خاتمہ کے لیے عوام پوری طرح پاک فوج کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہے۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں