107

پی ایس اے کے اکابرین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد

بہاولپور :  جو قومیں اپنے محسنوں اور ہیروز کو بھول جاتی ہیں وہ جلد تاریخ کے اوراق سے مٹ کر قصہ ماضی بن جاتی ہیں۔زندہ قومیں ہمیشہ اپنے ہیروز کو یاد رکھتے ہوئے اپنی قوم و ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ترقی کی منازل کی رواں دواں رہتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر عبدالرحمن ناصرنے غازی کشمیرو سابق صدر پی ایس اے لیفٹیننٹ محمد ایاز خان مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادر اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے کیا۔

کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر مدحت کامل حسین نے کہا کہ اللہ تعالی کی رضا کے لیے مخلوق خدا کی خدمت انسان کی انسانیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس اے کے اکابرین نے پاکستانی قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے بے لوث بیش بہا خدمات سر انجام دیں۔مقررین منظور ایاز خان، پروفیسر عتبان اللہ، چوھدری نصیر احمدارائیں(صدر تحصیل یزمان)، طالب جاوید خان،ماسٹر عبدالرشید(سابق سیکرٹری غازی محمد ایاز خان)، منور سراج بھٹی، ملک محمد ریاض حسین(صدر ہم ارائیں فورم)، ملک زبیر احمد زبیر، محمد عامر رشید، سبطین رفیق شاہ(ضلعی کوآرڈینیٹر یوتھ دنگ)، میاں محمد اقبال کھچی(سٹی صدر)، فیضان رسول ، فیضان بلال ڈھڈی معیض سرفرازنے کہا کہ  پاکستان سوشل ایسوسی ایشن کے سابق صدور سید یاسر حسین جعفری،لیفٹیننٹ محمد ایاز خان اورنور الزماں قریشی نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے سماجی شعبے میں اہم کردار ادا کیا۔موجودہ دور میں ان کی زندگی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ غازی محمد ایاز خان نے اپنی ساری زندگی خدمت خلق اور رضائے الہٰی کے لیے وقف کر دی اور اس مقصد کے لیے انہوں نے پاکستان سوشل ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے تاحیات صدر کے طور پر ملک و قوم کی خدمت کی۔

اس موقع پر سائبر سکیورٹی ایکسپرٹ محمد اسد الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں سکاؤٹس کی ٹریننگ ان کا ایک اہم کارنامہ ہے جنہوں نے ملک بھر میں سیلاب، زلزلہ اور دیگر حادثات میں حکومت کا ساتھ دیا۔نئی نسل کو ان کی خدمات سے روشناس کرایا جائے تاکہ نوجوان طبقہ ان کی تعلیمات پر عمل کر کے ملک و قوم کی خدمت کرسکے۔مقررین و شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری سطح پر غازی ایاز خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں قومی ہیروز میں شامل کیا جائے۔زندہ قومیں اپنے محسن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں