“ہم پاکستان ویب” کی افتتاحی تقریب

مرکزی ڈائریکٹر جنرل سید عمار حسین جعفری نے دو روزہ دورہ بہاول پور کے موقع پرپاکستان سوشل ایسوسی ایشن اورای پاکستان کے باہمی اشتراک سے ای ڈسٹرکٹ بہاول پور پراجیکٹ اور ہم پاکستان ویب کا افتتاح کیا۔ پی ایس اے کے بزرگ ورکرز اور یوتھ ونگ کے سینکڑوں نوجوانوں نے ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اسے بہاول پور کی تاریخ کا یادگار دن قرار دیا۔پاکستان سوشل ایسوسی ایشن اورای پاکستان کے زیر اہتمام کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر عبدالرحمٰن ناصر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بہاول پور جیسے پسماندہ خطہ میں ای ڈسٹرکٹ بہاول پور اور ہم پاکستان فورم کا افتتاح ایک انقلابی قدم ہے۔بانی ای پاکستان سید عمار حسین جعفری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا لگایا ہوا پودا پاکستان سوشل ایسوسی ایشن اب تناور درخت بن چکا ہے۔ جو گزشتہ 89 سال سے ہرشعبہ زندگی میں پاکستان کی خوشحالی اور عوام کی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔سائنس اور ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں نوجوان نسل کے لیے جدید ترین ای پاکستان پروگرام اور ہم پاکستان فورم متعارف کرا یاجا چکا ہے۔جس سے زراعت ، صحت اور تعلیم سمیت زندگی کے ہرشعبہ میں انقلاب برپا ہوجائے گا۔تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین ضلع کونسل بہاول پور شیخ دلشاد احمد قریشی نے کہا کہ موجودہ دور میں ہر شعبہ زندگی میں روایتی طریقہ کار کے بجائے ٹیکنالوجی کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دینا ناگزیر ہے۔”ہم پاکستان ” ویب کا افتتاح سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام ای پاکستان کی ان کاوشوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔کانفرنس کے مختلف سیشنز کے دوران ای ہیلتھ کے مہمان خصوصی ایم پی اے ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ عصر حاضر میں جدید ٹیکنالوجی نے صحت کے شعبہ میں عظیم تبدیلیاں برپا کی ہیں جن سے پیچیدہ بیماریوں کی تشخیص اور خاتمے میں آسانی پیداہوئی ہے۔ای پاکستان اور ہم پاکستان کے پروگرام ای ہیلتھ کے فروغ سے انسانی صحت اورغذائی تحفظ جیسے سنگین مسائل سے نبرد آزما ہوکر معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ای وومن امپاورمنٹ کی مہمان خصوصی ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی نے کہا کہ خواتین کو ملکی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا فروغ انقلابی قدم ہے۔”ہم پاکستان “کی صورت میں خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم میسر آچکا ہے۔ای ایجوکیشن کے مہمان خصوصی چیئرمین میاں خالد اویسی نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ٹیوٹا کے ایریا منیجر سید فراست حسن نے ای سکلز سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای پاکستان اور ہم پاکستان ویب کے پروگرام ای سکلز کے تحت ٹیکنالوجی کا فروغ ہنر مند قوم تشکیل دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ کانفرنس کے آخر میں چیف ایڈیٹر ہم پاکستان ویب سعد الرحمٰن ملک نے اختتامی کلمات کہتے ہوئے تمام مہمانا ن گرامی کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ “ہم پاکستان “نظریہ پاکستان کے فروغ اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان اتحاد کی کڑی ثا بت ہوگا۔اس پلیٹ فارم پر ہر شخص کو اپنی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی آزادی ہوگی تاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر قائم کیا جاسکے۔کانفرنس کے مختلف سیشنز میں حکیم لطف اللہ،پروفیسر ڈاکٹر مدحت کامل حسین، پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا، ڈاکٹر حنان مجید، شازیہ قمر، آسیہ کامل، مسٹر اطہر، عبدالرؤف اور محمد اقبال عباسی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں محمد مراد ناصر، طلعت محمود، قاسم سولنگی، ڈاکٹر عارف بلوچ، سردار خادم حسین مخفی، ملک محمد طارق، ملک ابراہیم، ملک محمد ارشد بھٹہ، مہر کلیم اللہ،ریاض بھٹی، فاران اسلم، مہر محمد عبیداللہ، ڈاکٹر عبدالقیوم شہاب، پروفیسر عتبان اللہ ،عماد احمد، داو ظفر، عتیق الرحمٰن گوہر، عظمیٰ سلطانہ، نصرت رحمٰن اور تبسم ناز کے علاوہ ہر شعبہ زندگی سے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں