پی آئی اے: خصوصی پرواز طبی سامان لے کر وطن پہنچ گئی
اسلام آباد: پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کی خصوصی پرواز چین سے طبی سامان لے کر وطن پہنچ گئی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے – 8852 بیجنگ سے طبی سامان لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی تو طبی سامان اتارنے سے قبل اس پراینٹی وائرس اسپرے کیا گیا۔
پاکستانی حکام نے رن وے پر طبی سامان وصول کیا۔ طبی سامان میں ماسک، گلوز، ٹیسٹنگ کٹس اور حفاظتی لباس شامل ہیں۔
انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق طیارے میں عملے کے ساتھ دو مسافر بھی اسلام آباد پہنچے ہیں۔
چین کی جانب سے تسلسل کے ساتھ طبی سامان پاکستان آرہا ہے جب کہ اس سے قبل دو خصوصی پروازوں میں ماہر چینی ڈاکٹروں کی ٹیم بھی پہنچی ہے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں مہارت کی حامل چینی ڈاکٹروں کی ٹیم آئندہ دو ماہ تک پاکستان میں قیام کرے گی اور اس دوران وہ پاکستانی ڈاکٹروں اور طبی عملے کی رہنمائی کا بھی فریضہ سرانجام دے گی۔