کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی

اسلام آباد:کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی،وزارت صحت کے بعد سندھ حکومت نے بھی اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروارکھی ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5رکنی بینچ کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت آج کرے گا۔

اٹارنی جنرل، چاروں صوبائی ایڈووکیٹس جنرل،سیکرٹری صحت، سیکرٹری داخلہ  اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ۔

وزارت صحت کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ایک ارب 30 کروڑ کی لاگت سے نیا آئیسولیشن اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی تکمیل 5 مئی تک متوقع ہے،آئیسولیشن اسپتال میں مشتبہ مریضوں کیلئے تمام سہولیات موجود ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق،وفاقی حکومت نے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کیلئے خصوصی مالی پیکج کی منظوری دے دی ہے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ایک بنیادی تنخواہ اضافی دی جائے گی، فرنٹ لائن پرکام کرنے والوں کیلئے شہداء پیکیج کا اعلان بھی کیا ہے۔

دوسری جانب وفاق کے بعد سندھ حکومت نے بھی عدالت میں رپورٹ جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا کہ ٹوٹل زکوۃٰ فنڈ کا 23.71 فیصد سندھ کو ملتا ہے، دینی مدارس،ہیلتھ کیئر،سوشل ویلفیئر اورغریب بچیوں کی شادی کیلئے 203 ملین مختص ہیں،تعلیمی معاونت اور عید پیکچ کیلئے 1491 ملین مختص ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 390 صنعتی یونٹس کو ایس او پیز کے مطابق کھولنے کی اجازت دی گئی ہے، سندھ میں روزانہ 4170 کرونا وائرس ٹیسٹ کی صلاحیت موجود ہے،کورونا وائرس کے باعث کراچی کی 11 یونین کونسلز کو سیل کیا گیا تھا،احساس پروگرام کے تحت 25 ارب 36 کروڑ سے زائد رقسم تقسیم ہو چکی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں