یوونٹس کے سٹار پاؤلو ڈیبالا کا کرونا وائرس المیہ بدستور جاری
ہسپانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کے فٹ بال سٹرائیکر اور اطالوی کلب یوونٹس کے کھلاڑی پاؤلو ڈیبالا پر کرونا (کورونا) وائرس کا سایہ جاری ہے۔ انہیں اس وبا نے ایک ماہ سے بھی زیادہ عرصہ پہلے متاثر کیا تھا لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ کھلاڑی کے نمونے اب بھی اس وائرس کی بابت مثبت آئے ہیں۔
ڈیبالا نے گذشتہ چھ ہفتوں میں چار بار کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا ہے اور ہر بار نتیجہ مثبت نکلا ہے، جس کا مطلب ہے کہ وہ علاج کے باوجود اب بھی متاثرین میں شامل ہیں۔
ڈیبالا اطالوی لیگ کے پہلے کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنہیں کرونا وائرس کے انفیکشن کے شبہات تھے۔
ابتدائی دنوں میں اس خبر کی تردید کر دی گئی تھی، تاہم ڈیبالا نے مارچ کے اواخر میں سوشل میڈیا پر اس کا اعلان کرتے کہا کہ ان کے اور ان کی گرل فرینڈ کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
ارجنٹائن کے کھلاڑی نے ٹویٹر پر لکھا، ’میں آپ کو صرف یہ بتانا چاہتا تھا کہ کوویڈ 19 وائرس ٹیسٹ کے نتائج موصول ہوئے ہیں اور اوریانا اور میں مثبت آئے ہیں۔‘